ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداءکی نماز جنازہ ادا، آبائی علاقوں میں تدفین

10:46 AM, 3 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

بلوچستان میں سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر طلحہ منان، میجر سعید اور نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ ادا  کر کے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کر دی گئی۔
پاک فوج تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تینوں شہداءکی نمازجنازہ ان کے آبادی علاقوں میں ادا کی گئی۔ میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ راولپنڈی، میجر سعید کی لاڑکانہ اور نائیک مدثر فیاض کی نماز جنازہ شکر گڑھ میں ادا کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر طلحہ منان کی نماز جنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت سینئرعسکری حکام نے شرکت کی جبکہ تینوں شہدا کی تدفین کے وقت پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ 
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاک فوج کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا اور حادثے میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران اور جوان شہید ہوئے۔ 
واضح رہے کہ ہیلی کاپٹرحادثے میں شہید ہونے والے کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد کا تعلق فیصل آباد سے تھا، انہوں نے 1994ءمیں 20 انجینئر بٹالین میں کمیشن حاصل کیا ، شہید نے بیوہ، تین بیٹیوں اور تین بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد حنیف کا تعلق راولا کوٹ آزاد کشمیر سے تھا۔ انہوں نے 1994ءمیں آزاد کشمیر رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا، شہید نے سوگوار میں بیوہ ایک بیٹے اور دو بیٹیوں کو چھوڑا ہے۔
شہید پائلٹ میجر سعید کا تعلق لاڑکانہ سے تھا اور انہوں نے بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو سوگوار چھوڑا ہے جبکہ معاون پائلٹ میجر محمد طلحہ منان نے بیوہ اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ شہید کریو چیف نائیک مدثر فیاض کا تعلق نارووال سے تھا اور انہوں نے بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔

مزیدخبریں