اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزیراعظم ہاؤس کو کمرشل سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے سے متعلق منظوری کا معاملہ مؤخر کر دیا۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں میں اضافےکی تجویز مسترد کردی گئی۔
وفاقی کابینہ میں ممنوعہ اسلحےکے لائسنس کے اجراء کا اختیار وزیر داخلہ یا سیکرٹری کو دینے کی منظوری دی گئی جب کہ غیر ممنوعہ اسلحہ لائسنس کے اجراء کا اختیار وزیر، سیکرٹری وزارتِ داخلہ یا ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کو دینے کی تجویز منظور کی گئی۔
وفاقی کابینہ نے امریکی حکومت کی درخواست پر فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکا کے حوالے کرنےکی منظوری دے دی۔
کابینہ نے آئین کے آرٹیکل51کی شق (3) کے تحت قومی اسمبلی میں مختلف صوبوں کی نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ چونکہ مردم شماری کے عبوری اور حتمی اعدادشمار میں کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا لہذا ان نشستوں کی تقسیم میں ردوبدل کی ضرورت نہیں ہے۔
کابینہ نے محمد جبار خان کو سی ای او پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی تعینات کرنے ، سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تبدیلیوں کی منظوری بھی دی۔
کورونا وباء کے پیش نظر کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کو آرڈینیشن کی درخواست پر 61 اشیاء کی درآمدی ڈیوٹی کے نفاذ سے استشنیٰ دینے کی مدت بڑھانے،سید آفتاب حیدر کو سی ای او پاکستان سنگل ونڈو تعینات کرنے اوراقتصادی رابطہ کمیٹی کے 16جولائی 2021کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔
کابینہ کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے سعودی عرب سے رہائی پانے والے مزید 28 پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔