اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی ہے، مشین جلد کابینہ، اپوزیشن جماعتوں، پارلیمنٹ اور الیکشن کمیشن کو دکھائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ بھی دے دی ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین میں انٹر نیٹ یا کسی سافٹ وئیر کا کوئی عمل دخل نہیں اور اس میں ٹیمپرنگ نہیں کی جا سکتی جبکہ استعمال میں بھی آسان ہے ۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہاپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے مکمل تسلی کرائیں گے اور وزیراعظم کا ویژن ہے کہ آئندہ انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، ہارنے والا امیدوار نتائج تسلیم کرے ، اس کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال مدد گار ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں انٹرنیٹ اور سافٹ وئیر نہ ہونےکی وجہ سے یہ بیرونی مداخلت سے پاک ہے، اس کے استعمال سے آئندہ انتخابات غیر متنازع اور قابل قبول ہوں گے۔