اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے سے استعفے دے دیا۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے سی پیک افیئر تعینات کر دیا ۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی ٹویٹر پر لکھا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے اہم ادارے کو مستقبل کے سمت کا تعین کرتے ہوئے تمام سی پیک منصوبوں کے لیے ونڈو کے طور پر اٹھانے اور چلانے کا موقع دیا۔ یہ سب کچھ وزیراعظم عمران خان اور انکی حکومت کے مکمل اعتماد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
اپنے ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ سی پیک کی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا، میری نیک خواہشات خالد منصور کیلئے ہیں جو اسے آگے لے جانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ سی پیک پاکستان کے لیے لائف لائن ہے، یہ ہمیں ترقی یافتہ اور مکمل طور پر ترقی یافتہ ملک میں بدل دے گا انشاء اللہ
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم نے خالد منصور کو معاون خصوصی برائے CPEC Affairs تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ 26 نومبر 2019 کو سابق ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ کو سی پیک اتھارٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا عاصم سلیم باجوہ کو 4 سال کے لیے اتھارٹی کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا ۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) عاصم سلیم باجوہ سابق ترجمان پاک فوج اور کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔