تہران: ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی کی تقریب حلف برداری 5 اگست کو ہوگی ۔ تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کریں گے ۔
ابراہیم رئیسی نے ایران کے نئے صدر کے عہدے کا حکم نامہ وصول کرلیا ، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کو حکم نامہ ارسال کیا ۔
نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ، عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ نئی حکومت کے ساتھ تعاون کریں ۔
واضح رہے کہ ایران کے نومنتخب صدر کو ملکی مسائل کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مسائل کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا ۔ خاص طور پر اُن کی حکومت کو امریکی پابندیوں کے خاتمہ کے لیے جوبائیڈن انتظامیہ سے اچھے تعلقات بحال کرنے ہوں گے ۔
اس کے علاوہ ایران کو خطے کا امن برقرار رکھنے کیلئے اسرائیل کی سازشوں کا بھی جواب دینا ہو گا ۔