اسلام آباد: ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں 2025ءتک 5 سال کیلئے بجلی کا ٹیرف جاری کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت نیپرا میں ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے ٹیرف کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران توصیف ایچ فاروقی نے سی ای او میپکو اکرام الحق سے استفسار کیا کہ آپ کو 5 سالہ ٹیرف کیوں جاری کیا جائے؟ میپکو کی بجلی کی ڈسٹری بیوشن کا لائسنس تو مارچ 2022ءمیں ختم ہو جائے گا؟
میپکو کے سی ای او اکرام الحق نے جواب دیا کہ ہم لائسنس میں توسیع کیلئے درخواست دیں گے جس پر چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ 5 سالہ ٹیرف سے قبل میپکو کی نجکاری ہو جائے، پیک آور میں بجلی کے صارفین کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے، میپکو اپنے بجلی کے منصوبوں میں تاخیر پر قابو پائے۔
سی ای او میپکو نے جواب دیا کہ ہمارے پاس 1 لاکھ 52 ہزار بجلی کے کنکشن زیر التواءہیں جس پر چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ اتنے زیادہ کنکشن زیر التواءکیوں ہیں، یہ بڑی ناکامی ہے؟ بجلی ہو اور کنکشن نہ دیئے جائیں، ایسے کام نہیں چلے گا، ہم ایسی بجلی کی قیمت دے رہے ہیں جو استعمال نہیں ہوتی۔