کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر شاہ کا کہناہےکہ اتنی ویکسین دستیاب نہیں جتنے لوگ لگوانے آرہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ بنگالی اور برمی لوگوں کے علاقوں میں بھی ویکسی نیشن سینٹر کھولے گئے ہیں جب کہ ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹر کھولے جارہے ہیں، اس کے علاوہ گرین لائن کے ٹریک پر ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سینٹربنانے پربات ہورہی ہے۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ جن کے پاس شناختی کارڈ نہیں ان کی بھی ویکسی نیشن ہونا چاہیے اور ویکسین اتنی دستیاب نہیں جتنے لوگ ویکسی نیشن کیلئے آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کورونا کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا چاہئے ۔ ہماری مناسب حکمت عملی کے تحت ہی ہم کورونا کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے کوئی کتنا ہی با اثرکیوں نہ ہو، کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرکارروائی ہوگی۔