اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج منعقد ہوگا جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور ہو گا۔
وزیراعظم ہاؤس کو کمرشل استعمال کے لیے کھولنے کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ کابینہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور علاج کے لیے درکار 61 آئٹمز کی ڈیوٹی چھوٹ میں توسیع کی منظوری دے گی۔
اسلام آباد مارگلہ روڈ پر قائم تجاوزات ہٹائے جانے کی رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا اختیار وزارت داخلہ کو دینے کی منظوری دے گی۔
وفاقی کابینہ ملزم مجاہد پرویز کو امریکہ کے حوالے کرنے کے معاملے پر غور کرے گی۔ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت صوبوں کے لیے مختص نشستوں کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔
وفاقی کابینہ پیسکو کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی۔ وفاقی کابینہ کو معاشی اعشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
کابینہ پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ ای سی سی کے گزشتہ دو اجلاسوں اور قانون سازی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔