براڈ شیٹ کو آئندہ ہفتے تک 12 لاکھ ڈالر ادا کئے جائیں، برطانوی عدالت کا نیب کو حکم  

11:20 AM, 3 Aug, 2021

لندن: برطانیہ کی ایک عدالت نے حکومت پاکستان اور قومی احتساب بیورو کو حکم دیا ہے کہ وہ براڈ شیٹ ایل ایل سی کو بارہ لاکھ ڈالر سے زائد کی ادائیگی کرے، اس ادائیگی کیلئے آئندہ ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی عدالت نے اپنے اس فیصلے سے قبل دونوں فریقین کا موقف بغور سنا اور فیصلہ صادر کیا۔

برطانوی عدالت کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں احتساب کیلئے قائم ادارہ نیب رواں ماہ 10 اگست کی شام ساڑھے 4 بجے تک براڈ شیٹ ایل ایل سی کو بارہ لاکھ ڈالر کی رقم ادا کرنے کا پابند ہے، اس کیساتھ ساتھ وکیل کو بھی لگ بھگ چھبیس ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت کی جانب سے صادر فیصلے کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی لیگل فرم ایلین اینڈ اووری پاکستانی حکومت سے موصول فنڈز رواں ماہ 13 اگست کی شام ساڑھے بجے تک ایل ایل سی سولیسٹرز کروویل اینڈ مورنگ کو ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

برطانوی عدالت کا کہنا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنے وکیلوں کو براڈ شیٹ کو مطلوبہ رقم فراہم نہ کی تو براڈ شیٹ لندن میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اس رقم کو ادا کرے گا۔

فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر نیب یا پاکستانی حکومت رقم کی ادائیگی نہ کر سکی تو تھرڈ پارٹی ڈیٹ آرڈر لاگو ہو جائے گا۔

مزیدخبریں