کوئٹہ: (محمد خان کاکڑ) کوئٹہ میں مشہور ٹک ٹاکر حنا گل پر تین مسلح افراد نے خنجر سے وار کرکے انھیں شدید زخمی کر دیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق حنا گل کا شمار کوئٹہ کی مشہور ٹک ٹاکرز میں ہوتا ہے ان کے ویڈیو شیئرنگ ایپ پر چھ لاکھ سے زیادہ فالورز ہیں۔
حنا گل کا تعلق کرسچن کمیونٹی سے ہے۔ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک بیوٹیشن ہیں تاہم شوقیہ طور پر ٹک ٹاک پر بھی اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں
نیو نیوز کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے حنا گل کا کہنا تھا کہ ان پر حملہ کرنے والے ملزم شیرسن کا تعلق بھی مسیحی برادری سے ہی ہے۔ وہ کافی عرصہ سے مجھے تنگ کر رہا تھا، اور دوستی کرنے کیلئے بضد تھا تاہم میں نے انکار کیا تو اس نے انتہائی اقدام اٹھاتے ہوئے مجھ پر قاتلانہ حملہ کر دیا۔
حنا گل نے کہا کہ ملزم شیرسین اس سے قبل بھی مجھے قتل کرنے کی دھمکیاں دے چکا ہے۔ گزشتہ روز جب میں اپنے گھر سے پارلر جا رہی تھی تو اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کیساتھ مل کر مجھے زبردستی گاڑی میں ڈالنے کی کوشش کی، میں نے مزاحمت کی تو مجھ پر خنجر سے وار کر دیا جس سے میں شدید زخمی ہو گئی۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ ملزمان مجھے زخمی حالت میں سڑک پر پھینک کر فرار ہو گئے۔ اس موقع پر وہاں سے گزرنے والے ایک رکشہ ڈرائیور نے مجھے طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا۔
(حنا گل پر حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر)
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر حنا گل پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے جو تاحال مفرور ہیں۔