انقرہ : ترکی جانے والے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ ، ترک حکومت نے پاکستانی ، افغانی ، بنگلہ دیشی ، سری لنکن اور بھارتی باشندوں کیلئے انتباہ جاری کر دیا ۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ ان ممالک کے باشندوں کو ترکی پہنچنے پر قرنطینہ کیا جائے گا ۔ ہوٹل میں قرنطینہ کے اخراجات 200 یورو بھی مسافروں کو خود برداشت کرنا ہوں گے ۔ پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے پر داخلے کی اجازت دی جائے گی ۔
خیال رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلنے لگی ہے ۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ گزشتہ دس دنوں کے دوران چین میں کورونا کے 300 کیسز سامنے آ چکے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق چین کی حکومت نے کورونا کیسز میں اضافے پر تازہ پابندیاں عائد کر دی ہیں ۔ چین میں اب تک کتنے افراد کو ویکسین لگ چکی ہے اس سے متعلق کوئی حکومتی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم چین میں کمپنیاں 16 ارب ویکسینیشن بنا چکی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق چین کے 15 صوبوں میں اب تک کورونا کی بھارتی قسم کی موجودگی تصدیق ہو چکی ہے ۔ چینی حکام ملک میں کورونا کی تازہ لہر کو سیاحت سے متعلق حالیہ پالیسیوں میں نرمی کو قرار دے رہے ہیں ۔