جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں، امریکا

10:11 AM, 3 Aug, 2021

واشنگٹن: امریکا نے ایک بار پھر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان امن عمل اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کیلئے اس کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے طالبان کو امن کیلئے بات چیت پر آمادہ کیا، افغان امن عمل میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

نیڈ پرائس نے یہ بات پریس بریفنگ کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جاری حالیہ تنازع کے حل میں بھی پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، ہم پاکستان کیساتھ مل کر خطے کے استحکام کیلئے کام جاری رکھیں گے۔

ذہن میں رہے کہ افغانستان سے امریکی فوج اور نیٹو کے اچانک انخلا سے خطے کی سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ طالبان اس وقت افغانستان کے کئی علاقوں پر اپنی فتح کا جھنڈا گاڑ چکے ہیں جبکہ کئی اہم شہروں پر قبضے کیلئے ان کی افغان فورسز کیساتھ شدید ترین جھڑپیں جاری ہیں۔

مزیدخبریں