اسلام آباد: وزیراعظم کی ازدواجی زندگی کے بارے میں گمراہ کن پراپیگنڈے کیخلاف عمران خان نے اینکر پرسن نجم سیٹھی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔
طویل مشاورت کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا۔ وزیراعظم کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ جعلی خبروں پر کسی بھی طرح کی نرمی نہیں برتی جا سکتی۔ نجم سیٹھی کا وزیراعظم عمران خان کی عائلی زندگی کے بارے میں دعویٰ شرمناک ہے۔ اینکر پرسن نے ٹی وی پر بیٹھ کر قانون و اخلاق کی دھجیاں بکھیریں۔
بابر اعوان نے کہا کہ لوگوں کی ساکھ مجروح کرنے کی کوششوں کا راستہ روکنا ہو گا۔ امید ہے نجم سیٹھی عدالت میں اپنے بیہودہ دعویٰ کے دفاع کیلئے پیش ہوں گے۔