اسلام آباد ۔: طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سرجری سے پہلے موسیقی اعصاب کو پرسکون کر سکتی ہے۔
'امریکا کی یونیورسٹی آف پینسلوینیا کے ماہرین نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ آپریشن سے پہلے گانا سننا مریضوں کے اعصاب کو پرسکون رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے جس سے پریشانی، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کو کم کیا جا سکتا ہے۔ معروف جریدے بی ایم جے میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران مریضوں کے ایک گروپ کے جسم کے ایک حصے کو سن کرنے والی دوا کے ساتھ میڈازولم نامی بے ہوشی کی دوا پلائی گئی اور دوسرے گروپ کے مریضوں کو برطانوی بینڈ مارکونی یونین کا گانا تین منٹ تک سنایا گیا۔
ماہرین کے مطابق دونوں گروپوں کے مریضوں کی ذہنی پریشانی ایک ہی سطح تک کم ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ نشے کو کم کرنے والی دوائیاں جو ذہنی پریشانی کو کم کرتی ہیں ان کا سائیڈ افیکٹ بھی ہو سکتا ہے جس کے لئے ڈاکٹروں کی مسلسل نگرانی کی ضرورت ہے۔ یونیورسٹی آف پینسلوینیا پیرویلمین سکول آف میڈیسن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وینا گراف کا کہنا ہے کہ موسیقی دماغ کے جذباتی علاقے کو روشن کر دیتی ہے جس سے مریض پرسکون ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسیقی شفاءبخش سکتی ہے اور جسم و دماغ میں کئی طریقوں سے تحریک بھی پیدا کر سکتی ہے۔