سری نگر: بھارتی سرکار نے وادی میں خوف کی فضا قائم کر دی۔ ایک حکم نامے میں امرناتھ یاترا کے لیے آئے یاتریوں اور سیاحوں کو فوراً وادی چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے۔ 28 ہزار اضافی بھارتی فوج تعینات کر دیئے گئے۔ بھارتی پولیس نے غیر ملکی چینل کو بتایا کہ انہیں امن و امان کی غیر معمولی صورتحال کے لیے فوری تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
صورتحال خراب ہونے کے خدشے کی وجہ سے مقامی افراد نے خوراک ادویات اور فیول کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا۔ 35 اے کیس کی سماعت بھی 15 اگست کے بعد متوقع ہے۔ خبر ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے ہندو اکثریت والے علاقوں کو علیحدہ ریاست جبکہ کشمیر اور لداخ کو مرکز کے زیرِ انتظام خطے قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے وادی میں خوف کی فضا قائم ہے۔ محبوبہ مفتی کے مطابق وادی میں بڑی کارروائی ہونے جا رہی ہے۔ ادھر بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں بارہمولہ کے علاقے میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔