عمران خان کو مبارکبادیں' ابن الوقتوں پر محسن خان نے بھی انگلی اٹھا دی

02:52 PM, 3 Aug, 2018

 لاہور:  عمران خان کو مبارکبادیں دینے والے ابن الوقتوں پر محسن خان نے بھی انگلی اٹھا دی۔

ایک انٹرویو میں محسن حسن خان نے کہاکہ عمران خان بطور کپتان ٹیم کیلئے بڑی سوجھ بوجھ سے فیصلے کرتے تھے،وہ جانتے تھے کہ کس کھلاڑی کی کہاں جگہ بنتی ہے،میں نمبر 3یا 4پرکھیلتا تھا،انھوں نے نئی گیند پر مہارت دیکھتے ہوئے اوپنر کھلایا تو سنچری اور لارڈز میں ڈبل سنچری بنائی،سابق کپتان جونیئر کو اعتماد دیتے اور ہر کرکٹر کی ٹیم میں اہمیت کو سمجھتے تھے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اسی انداز میں ملک کو چلانے کیلیے اچھی ٹیم بنائیں گے تو کامیابی حاصل ہوگی۔

محسن خان نے کہا کہ بطور کپتان اور انسان عمران خان کے کردار سے میں پہلے  ہی واقف تھا،ان کا مشن دیکھا تو روایتی سیاستدانوں سے قطعی مختلف نظر آیا، وہ بادشاہوں کی زندگی گزار سکتے تھے لیکن عوام کیلیے سڑکوں پر آئے اور مافیا کیخلاف جنگ لڑی۔اس دوران کبھی آس پاس بھی نظر نہ آنے والے کرکٹرز اب مبارکبادیں دینے آرہے ہیں۔ عمران خان میرٹ، قانون اور انصاف کی بات کررہے تھے جو ہر محب وطن پاکستانی کا خواب ہے،اس وقت بھی سب کو ساتھ دینا چاہیے تھا۔ایک سوال پر سابق کرکٹر نے کہا کہ عمران خان دوسروں کی طرح عیش کرنے نہیں ایک مقصد لے کر آئے ہیں،

ان کے پاس پرکھنے والی نظر اور عزم بھی ہے، یقین ہے کہ پی سی بی میں بھی میرٹ پر فیصلے ہوںگے، سیاسی بھرتیاں نہیں بلکہ ہر کام کیلیے موزوں افراد کا انتخاب ہوگا،کوئی سفارشی اور مشکوک ماضی کا حامل سابق کرکٹر بورڈ میں نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں