جھوٹا الزام لگانے والے ذلیل ہوں گے مجھ پر الزام کے پیچھے ن لیگ کھڑی ہے، عمران خان

10:07 PM, 3 Aug, 2017

اسلام آباد :  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرا ایمان ہے عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے میں نے کچھ غلط کیا ہے تو آخرت میں تو سزا ہے دنیا میں بھی ذلیل ہوں گا اگر میرا دامن صاف ہے تو اللہ تعالی میری حفاظت کرے گا جھوٹا الزام لگانے والے ذلیل ہوں گے مجھ پر الزام کے پیچھے ن لیگ کھڑی ہے اس نے پیسہ چلایا ہے۔ عائشہ گلالئی ن لیگ کے ہاتھوں استعمال ہو گئیں۔ ن لیگ نے سیتا وائٹ کے ساتھ بھی یہی کچھ کیا ۔سیتا وائٹ نے ن لیگ سے پیسے لینے کا اعتراف بھی کیا تھا۔

ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جھوٹے پر اللہ تعالی کی لعنت ہے ۔عائشہ گلالئی وفد کے ساتھ آئیں اور این اے ون کے ٹکٹ کی بات کی جس پر میں نے انہیں کہا اسمبلی میں آپ کی کارکردگی اچھی نہیں ٹکٹ میرٹ پر ملے گا۔ عائشہ گلالئی نے جلسے میں خطاب کا موقع نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا عورت کے خلاف بات کرنا مجھے بُرا لگتا ہے۔ افسوس ہوا کل تک گلالئی ٹھیک تھیں پھر کیا ہو گیا ان کے الزامات میں کوئی ٹویٹ اور ٹائمنگ کی دلیل نہیں۔ مجھے ان کی بہن کی تصویریں چھاپنے پر بھی بہت بُرا لگا ہے۔ میں نے اپنی پارٹی سے بھی کہہ دیا ہے کہ اس پر کوئی بات نہ کریں مجھ پر پورا کوارڈینٹیڈ حملہ ہے۔ اس کے پیچھے امیر مقام اور دیگر لوگ ہیں جن کا مجھے پتہ چل گیا ہے ۔ن لیگ والوں نے میری نا اہلی کی کوشش کی جب انہیں پتہ چلا ہے کہ سارے ثبوت دے دیے گئے ہیں اب نااہلی ممکن نہیں تو وہ گھٹیا حرکت پر اتر آئے ہیں اور توقع ہے آئندہ بھی ایسی حرکت کریں گے اللہ تعالی کی مدد حاصل ہے یہ جو بھی کریں گے میں انہیں شکست دوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ عائشہ گلالئی سے توقع نہیں تھی عائشہ گلالئی کو چار سال میں کہنا چاہیے تھا اگر میسج ملا تو اس وقت عائشہ گلالئی نے شور کیوں نہیں مچایا عائشہ گلالئی مجھ سے متعلق انٹرویو میں تعریفیں بھی کرتی تھیں ۔اس سوال پر کہا عائشہ گلالئی آپ سے شادی کرنا چاہتی تھی جواب میں عمران خان نے کہا جو بھی ہوا عائشہ گلا لئی ایک خاتون ہے ان کا احترام کرتا ہوں مزید بات نہیں کرنا چاہتا ۔عائشہ گلالئی نے خود کو پھنسا دیا ہے بے شمار عورتوں نے میرے ساتھ کام کیا ہے۔ شوکت خانم ہسپتال میں دس سال تک بیٹھتا رہا وہاں بے شمار عورتیں ہیں جو مارکیٹنگ میں ہیں انگلینڈ میں ہمارا آفس تھا ۔پھر سیاست میں بڑی تعداد میں عورتیں ہمارے ساتھ ہیں ان میں سے کوئی بھی عورت بتا دے میں نے اس قسم کی کوئی گھٹیا حرکت کی ہو۔ ناکامی پر ن لیگ ذہنی دباؤکا شکار ہے اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے ہیں ۔یہ کچھ بھی کر سکتے ہیں تاہم میں ان کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ جو بھی کریں گے ناکام ہوں گے ن لیگ شروع ہی سے چھانگا مانگا والی سیاست کرتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے پارٹی سے کہا ہے کہ اگر کسی نے عورتوں کی عزت نہ کی اور اگر کسی طرح غلط حرکت ہوئی تو میں خود اس کے خلاف ایکشن لوں گا ۔ہماری پارٹی میں عورتوں کی عزت ہے اسی لیے ہماری پارٹی کی عورتیں باہر نکلی ہیں میں نے کسی عورت سے نہیں کہا ہر عورت کو عائشہ گلالئی کے الزامات پر غصہ ہے کیونکہ وہ جانتی ہیں اسلیے بغیر کہے پی ٹی آئی کی خواتین نے میرا دفاع کیا ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے میں انہیں شکست دوں گا ۔شریف خاندان کو اربوں ڈالر کے منصوبے ہاتھ سے جانے کا ڈر ہے ۔شریف خاندان چوری چھپانے کے لیے یہ کوشش کریں گے احتساب شروع ہو گیا ہے اب یہ رکے گا نہیں کرپٹ لوگ سب ایک طرف ہو گئے ہیں سب کو ڈر ہے اگلی باری ان کی آنے والی ہے۔ یہ مافیا کے خلاف جہاد ہے جو منطقی انجام تک پہنچے گا ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اب لوگوں پر کیچڑ اچھالیں گے سٹیٹس کو کی قوتیں احتساب کے عمل کو ماننے کو تیار نہیں سٹیٹس کو کے خلاف جہاد جاری رکھوں گا ۔

عمران خان نے کہا کہ اب دو نمبر الیکشن نہیں ہونے دیں گے الیکشن سے پہلے نیوٹرل امپائرز یقینی بنائیں گے اتنے مرحلے کے بعد پاناما لیکس کیس کا فیصلہ آیا سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات پیش کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو کرپشن کی راہ کھلی رکھنا چاہتا ہے۔ مسلمانوں کی تباہی کی وجہ بادشاہت ہے اب سے نہیں چلے گی ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی منی لانڈرنگ ، ٹیکس چوری سب پکڑی گئی ہے پیسہ نواز شریف نے اکیلے نہیں بنایا بھائی نے بھی بنایا ہے شاہد خاقان عباسی کو جان بوجھ کر لایا گیا تا کہ انہیں بچایا جائے ۔عمران خان نے کہا کہ ن لیگ تباہ ہو جائے گی یہ اکٹھے ڈوبیں گے یہ عوام کو 30سال تک بیوقوف بناتے رہے ہیں مزید نہیں بنا سکتے۔انہوں نے کہا کہ  ن لیگ کو این اے 120کی سیٹ ہاتھ سے جانے کا خوف ہے این اے 120کی مہم خود چلاؤں گا ۔انہیں اب کابینہ بنانے میں مشکلات آرہی ہیں ن لیگ کو عوامی حمایت نہ ہونے کا ڈر ہے ۔پہلے مٹھائیاں بانٹیں پھر جے آئی ٹی کو گالیاں دی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا اگر اب انہوں نے چوری بچانے کے لیے ترمیم کی تو سڑکوں پر نکلوں گا شور مچایا جارہا ہے کہ ملک میں کوئی صادق و امین نہیں کے پی کے میں ہمارے لوگوں کو توڑنے کے لیے پیسہ چلایا جا رہا ہے۔ ن لیگ ہمارے ایم این ایز سے رابطے کر رہی ہے پرویز خٹک کو کہہ دیا ہے کسی کو بلیک میلنگ میں نہیں آنا اگر یہ بندے خریدنا چاہتے ہیں بے شک خرید لیں تا کہ قوم کو پتہ چلے کون اپنے ضمیر بیچتے ہیں ضمیر فروش بے نقاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 70پارلیمینٹرینز کے اقامے ہیں کرپشن اور منی لانڈرنگ کرنے کے لیے یہ لوگ اقامے لیتے ہیں ۔میں بھی دبئی جاتا ہوں مجھے تو اقامے کی ضرورت نہیں ۔عمران خان نے کہا کہ ناز بلوچ کا کریکٹر مجھے پسند ہے اس نے مجھ پر کوئی الزام نہیں لگایا میں اسے تحریک انصاف میں آنے کی دعوت دیتا ہوں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
 

مزیدخبریں