حالیہ بارشوں کے باعث ایک خاتون اور دو بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، پی ڈی ایم اے

09:31 PM, 3 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) اور صوبائی تعمیر نو ،بحالی و آباد کاری اتھارٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم اگست سے3اگست2017کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارشوں اور طوفان باد و باران کے باعث ایک خاتون اور دو بچوں سمیت پانچ افراد کی اموات اور سات خواتین کے زخمی ہونے کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ بالا مدت کے دوران متاثرہ اضلاع میں لوگوں کی دکانوں اور جائیداد کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے پر پیش رفت جاری ہے اس سلسلے میں اہم واقعہ ضلع چترال کی یونین کونسل سفید اراکری میں پیش آیا جہاں2۔اگست کو شام چھ بجے گلیشئر پگلنے سے سیلاب پھوٹ پڑا جس سے جیپ والی سڑک سیلاب میں بہہ گئی جبکہ مذکورہ سیلاب سے چار عدد مویشی فارمز،دو پن چکیاں اور سات آبپاشی کی چینلز بھی سیلاب میں بہہ گئیں۔

سیلاب کے باعث مستوج سے شندور روڈ  پر  شہیداز اور کچگول کے مقامات پر سڑک  بند ہو گئی جبکہ مذکورہ سڑک کھولنے کے لئے کوششیں جاری ہیں،  اس کے علاوہ 1اور2اگست کی رات کو سیلاب کے باعث مہٹنگ نالہ کے مقام پر یخون روڈ بند ہو گئی جس کو کھولنے کے لئے مشینری فعال بنا دی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے ضلع چارسدہ میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لئے ریسکیو1122کو12عدد ربڑ کی کشتیاں بھی فراہم کی ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ افراد کو خیمے فراہم کئے گئے ہیں اور ان میں پکے پکائے کھانے تقسیم کئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں