دھرنا پارٹی نے سیاست میں اخلاقیات، رواداری اور شائستگی کے اصولوں کو پامال کیا ہے: شہبازشریف

06:38 PM, 3 Aug, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے  کہ ملک انتشار   کی سیاست کا متحمل نہیں ہو  سکتا۔ منفی سیاست کرنے والوں کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں۔ سیاست سازشیں کرکے اقتدار حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے۔ شکست خوردہ عناصر عوامی خدمت کے جذبے سے عاری ہیں اور ان عناصر کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک میں شفافیت کو فروغ دیا ہے اورہماری حکومت کے شفاف ترین منصوبے اپنی مثال آپ ہیں۔میگاپراجیکٹس میں کوئی بھی ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ حکومت کی شفاف معاشی پالیسیوں کی دنیا معترف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد نوازشریف ملک کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کے باعث عوام کے دلوں میں بستے ہیں اوران کے ملک کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات سنہری الفاظ میں لکھے جائینگے۔ محمدنوازشریف کے دورمیں جتنے ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے ہیں پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ۔گزشتہ چار برس کے دوران رکاوٹوں کے باوجودتوانائی منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اورقومی مفادات کوسامنے رکھا ہے۔ جمہوریت اور جمہوری اداروں کا استحکام ہی پاکستان کے مفاد میں ہے۔ 2018 کے انتخابات میں چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنے والوں کو مقبولیت کا پتہ چل جائے گا۔ شور مچانے والے سیاسی عناصرکی اپنے صوبے میں کارکردگی قوم کے سامنے ہے ۔جو اپنے صوبے میں نیا پاکستان نہ بناسکے وہ اب ترسی ہوئی قوم پر رحم کریں اورمنفی سیاست چھوڑ کر عوام کی خدمت کیلئے میدان میں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ2018ء کے عام انتخابات میں عوام فیصلہ کرینگے کہ کس نے خدمت کی اورکس نے ترقی کے عمل کو نقصان پہنچا کر انکا حق چھینا۔احتجاج ،افراتفری اورانتشار پھیلانے والوں نے قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا ہے ۔اپنے ذاتی مقاصد کی تکمیل کیلئے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کرنے والے قومی مجرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا پارٹی نے سیاست میں اخلاقیات ، رواداری اورشائستگی کے اصولوں کو پامال کیا ہے اوران کے چہرے سے منافقت کا لبادہ اتر چکا ہے ۔

مزیدخبریں