زیارت میں قائد اعظم ریذیڈنسی کو 12 اگست تک بند کر دیا گیا

01:01 PM, 3 Aug, 2017

لاہور: محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی کو 12 اگست تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر آثار قدیمہ کے مطابق قائداعظم ریزیڈنسی میں ضروری مرمت اور تزئین و آرائش کی وجہ سے اسے جمعرات سے بند کر دیا گیا ہے جو 12 اگست تک بند رہے گی اور تزئین و آرائش کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا۔

زیارت ریذیڈنسی کی لکڑی سے تیار شدہ دو منزلہ عمارت 1892 میں تعمیر کی گئی تھی۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد اپنی علالت کے باعث زندگی کے آخری ایام زیارت ریزیڈنسی میں گزارے جس سے اس عمارت کو مزید شہرت ملی اور بانی پاکستان کے انتقال کے بعد اس رہائش گاہ کو قائد اعظم ریزیڈنسی کے نام سے قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے عجائب گھر میں تبدیل کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ 15 جون 2013 کو دہشت گردوں نے زیارت ریزیڈنسی پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی تھی تاہم بعدازاں حکومت پاکستان نے اسے دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں