واشنگٹن: امریکی ریاست الاباما میں خطرناک جرائم میں ملوث 12 قیدی مکھن کی مدد سے جیل سے فرار ہو گئے۔ والکر کاونٹی کی پولیس کے سربراہ جم انڈر ووڈ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ یہ قیدی صرف مکھن کی مدد سے جیل سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دراصل جیل میں نیا گارڈ تعینات ہوا جس کے پاس 140 قیدیوں کا کنٹرول تھا جن میں یہ 12 قیدی بھی شامل تھے۔
ان کے پاس مکھن تھا جس سے انہوں نے اپنی بیرک پر لکھا نمبر تبدیل کر کے اس پر باہر کھلنے والے دروازے کا نمبر لکھ دیا۔ جم انڈر ووڈ نے بتایا کہ اس کے بعد ایک قیدی نے کنٹرول روم میں موجود نئے گارڈ سے کہا کہ دروازہ کھولو مجھے واپس اپنی بیرک میں جانا ہے حالانکہ اس وقت وہ اپنی بیرک کے اندر ہی کھڑا تھا نیا گارڈ چونکہ قیدیوں سے ناواقف تھا اس لیے جھانسے میں آ گیا اور اس نے نادانستہ طور پر بیرک کا دروازہ کھول دیا جس کے نتیجے میں قیدی بیرک سے باہر نکل گئے لیکن جیل کے مرکزی دروازے سے باہر نکلنے کا مرحلہ ابھی باقی تھا۔
سب سے پہلے انہوں نے قیدیوں والا لباس اتارا اور پھر خاردار تاروں پر کمبل ڈال کر دیوار پھلانگتے ہوئے باہر نکل گئے۔ کاونٹی پولیس سربراہ نے بتایا کہ اس تمام کام میں قیدیوں کو صرف 10 منٹ لگے جب کہ واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تاہم قیدیوں کے فرار کا پتہ چلتے ہی پولیس فوراً حرکت میں آئی اور 8 گھنٹے کے اندر اندر سب کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
جیل سے باہر نکلنے کے بعد زیادہ تر قیدی اکٹھے ہی رہے جس کی وجہ سے انہیں پکڑنے میں مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ بھاگنے کی کوشش کرنے والے قیدیوں کی عمریں 18 سے 30 سال کے درمیان ہیں جن میں سے دو پر اقدام قتل اور باقی چوری، ڈکیتی و منشیات جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔ جیل حکام نے ان قیدیوں کو لومڑی سے زیادہ چالاک قرار دیتے ہوئے واقعے کو ناتجربہ کار عملے کی انسانی غلطی قرار دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں