اسلام آباد :جماعت اسلامی کے تحت جاری ’غزہ بچاؤ مہم‘ کے قائدین نے کل اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔ غزہ بچاؤ مہم کے قائدین نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
اس دوران سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ 1946 میں بنائے گئے الشفاء ہسپتال کو مکمل تباہ کر دیا گیا ہے، ہسپتال میں موجود بچے، خواتین اور بزرگ شہید ہوچکے، ورلڈ کچن سینٹر کے 7 کارکنان کو بھی شہید کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 180 دن ہوگئے قتل عام جاری ہے پوری دنیا اسے دیکھ رہی ہے، ہم غزہ کے ڈاکٹرز و میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، وہ انسانیت کے ہیرو ہیں جنہوں نے جان کی قربانی دی لیکن مریضوں کا علاج نہ چھوڑا۔
سینیٹر مشتاق نے کہا کہ کل یوم سیاہ کے طور پر کراچی سے خیبر تک منایا جائے گا، ہسپتالوں، میڈیکل کالجز میں کالی پٹیاں باندھی جائیں گی، انسانیت کے ہیرو غزہ کے ڈاکٹرز کو کل خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔