راولپنڈی :صدر مملکت آصف علی زرداری سے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی ملاقات ہوئی ۔اس ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔آرمی چیف نے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیف آف آرمی سٹاف نے صدر مملکت کو دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشنز سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے پاکستان کی مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہداء کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا۔ صدر مملکت نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔