لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پانچواں اجلاس ہوا جس میں سال 2023-2024 کے لئے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب میں سپیشل سپیڈی ٹرائل کورٹ قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔ریپ اور بچوں پر ظلم زیادتی کی مقدمات کا تیز ترین ٹرائل کرکے منطقی انجام تک پہنچا یا جائے گا ۔
کابینہ کو ہتک عزت کے قانون میں ترمیم ،سپیشل کورٹ قائم کرنے پر بریفنگ دی گئی جسےمنظوری کے لئے جلد پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائےگا۔
کا بینہ نے فیصلہ کیا کہ ہتک عزت کیس میں 90دن میں ڈگری اور 180 دن میں ٹرائل ختم کرنا ہوگا۔ہتک عزت نوٹس بڑے اخبارات ، سوشل میڈیا ، کورئیر کے ذریعے دیا جاسکے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا کہ جھوٹ بولنے اور جھوٹے الزامات کے کلچر کو بدلنا ہوگا۔ چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا میرا عزم ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے لئے ڈیڑھ لاکھ بلاسود قرضے دیں گے ۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بہترین اور تاریخی کسان کارڈ دے رہے ہیں ۔