اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خط پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو واپس بلانے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔، اجلاس نے 2 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا۔ وزیر قانون اور اٹارنی جنرل نے کابینہ کو بریفنگ دی ۔سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف رجسٹرار کا سرکلر جاری کرنے پر غور ہوا۔
کابینہ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کی خدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا اور رجسٹرار سپریم کورٹ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔ وفاقی کابینہ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے بھی مطالبہ کیا کہ صدر سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 پر فی الفور دستخط کریں تاکہ ملک کو آئینی و سیاسی بحران سے نجات مل سکے ۔
واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو خط لکھا تھا اور انہیں 31 مارچ کا سرکلر واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے عہدہ فوری چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خط کی کاپی کابینہ اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی بھیجی تھی۔ ایک کاپی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بھی بھیجی گئی ہے۔