اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں طلبی کے نیب نوٹسز کے خلاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
اسلام آباد عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی ڈویژن بینچ نے توشہ خانہ کیس میں طلبی کے نیب نوٹسز کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزاروں کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیب نوٹس میں نہیں بتایاگیا کس حیثیت میں انفارمیشن مانگی جارہی ہے، عدالتی فیصلےآچکے اس لیے نوٹس کی مکمل معلومات دینا ضروری ہے۔
بشری ٰ بی بی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں 17 فروری اور 16 مارچ کے نیب کال اپ نوٹس کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ کیس کے حتمی فیصلے تک انکوائری کو انویسٹگیشن میں تبدیلی سے روکا جائے،درخواست میں چئیرمین نیب اور ایڈیشنل اور ڈائریکٹر نیب راولپنڈی کو فریق بنایا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی توشہ خانہ کیس میں نیب تحقیقات کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔