لاہور: سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے ان پر غیر آئینی اور غیر قانونی کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے چوہدری سرور نے کہا کہ گذشتہ دنوں وزیر اعظم کے ساتھیوں نے اسمبلی کا اجلاس دو اپریل کو بلانے کا کہنا تھا اور حکومت کے حمایت یافتہ وزارت اعلیٰ کے امیدوار پرویز الہی کی شکست پر اسمبلی تحلیل کرنے کا کہا گیا تھا۔
چودھری سرور کے مطابق انھیں کہا گیا پرویز الہیٰ ہار رہا ہے آپ اسمبلی کا اجلاس ملتوی کر دیں۔ اگر وہ 186 ووٹ نہ لے سکے تو آپ اسمبلی تحلیل کر دیں۔انھوں نے کہا کہ یہ مطالبات مسترد کرنے پر انھیں وفاقی حکومت نے برطرف کیا۔ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ دکھ ہے پاکستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔
چوہدری سرور نے سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار پر الزام لگایا کہ ان کے دور میں ملازمتیں بکتی رہی ہیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ ہم نے یہ سب برداشت کیا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔
پوری تحریک انصاف ایک طرف تھی اور عمران خان دوسری طرف۔ آج میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ سب سے بڑی بیرونی سازش عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ لگانا تھا۔ ہم نے دل پر پتھر رکھ کر عمران خان کا ساتھ دیا۔
اپنی برطرفی کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم نے عثمان بزدار کو تبدیل کرنے کی تجویز دی تھی جو نہیں مانی گئی۔ عمران خان کو ایک بندہ بھی پسند نہیں آیا جسے وزیر اعلیٰ بنا سکیں۔
ایسے شخص کو نامزد کیا جو نہ پی ٹی آئی کا ممبر ہے نہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اس شخص سے بلیک میل ہوئے جس کے پاس نو ایم پی اے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وضاحت کرنا چاہوں گا کہ مجھ پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ اپوزیشن کے کہنے پر ڈبل پلے کر رہا تھا۔
عمران خان کے ساتھ میٹنگز ہوئیں۔ انھوں نے کہا چوہدری صاحب ہر صورت اجلاس 3 اپریل کے بعد ہونا چاہیے۔ چوہدری مجھ سے ناراض ہیں کہ اسمبلی کا اجلاس کیوں نہیں بلایا۔چوہدری سرور کا دعویٰ ہے کہ ’مجھے 2 اپریل کو کہا گیا آج ہی (عثمان بزدار کا) استعفیٰ منظور کرو اور اجلاس بلاؤ۔۔۔ میں نے کہا سر خدا کے لیے برطانیہ کا ممبر پارلیمنٹ رہا ہوں۔ ساری زندگی غیر آئینی کام نہیں کیا۔