اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد خصوصی پیغام جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ پاکستان کے مستقبل کے فیصلے پاکستان کے عوام کریں گے، بے ضمیر بکاؤ سیاست دان اور ان کے بیرونی آقا نہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے ایک جملے پر مشتمل پیغام بھی دیا جو یقینی طور پر اپوزیشن کو کرارا جواب ہے جس نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ انہوں نے لکھا ’بولا تھا لگ پتہ جائے گا۔‘
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین کیخلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف کسی غیر ملکی کو حق نہیں کہ وہ تحریک عدم اعتماد لائے، میں بطور ڈپٹی سپیکر رولنگ دیتا ہوں کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد مستردکی جاتی ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کرتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔