اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کیخلاف بھی میدان میں آگئی۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاپی ٹویٹ کرتے ہوئے اسے سرپرائز قرار دیا۔
Surprise @AsadQaiserPTI @ImranKhanPTI 😊 pic.twitter.com/UT8VIiT48v
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) April 3, 2022
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج قومی اسمبلی اجلاس میں ہونے جا رہی ہے، اہم اجلاس صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہو گا، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریڈ زون کو حساس ترین ایریا قرار دے دیا گیا ہے۔ اجلاس کیلئے چھ نکاتی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے، تلاوت اور نعت کے بعد وقفہ سوالات ہوگا جبکہ ایجنڈے میں تیسرے نمبر پر توجہ دلاؤ نوٹس ہے اور تحریک عدم اعتماد چوتھے نمبر پر شامل ہے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کے ریڈزون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ریڈ زون کو حساس ترین ایریا قرار دیدیا گیا ہے اور پارلیمنٹ ہاؤس جانیوالے راستے سیل کردیئے گئے۔کسی بھی سیاسی جماعت کے کارکن کوریڈزون میں داخلےکی اجازت نہیں ہوگی جب کہ اسلام آباد میں آج اور کل ڈبل سواری پرپابندی لگا دی گئی ہے، میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے لئے اسلام آباد پولیس کے علاوہ اضافی نفری دیگر صوبوں سے بھی طلب کی گئی ہے۔3 ہزار اہلکار پنجاب پولیس، ایک ہزار ایف سی پہلے سے اسلام آباد میں موجود ہیں، دو مختلف شفٹوں میں مجموعی طور پر 8 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر دیں گے جبکہ سیکیورٹی انتظامات میں رینجرز بھی معاونت کرے گی۔