گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عمران خان کو قیمتی مشورہ دیدیا

Ch Sarwar, Governer Punjab, PTI, Imran Khan, Hafeez Sheikh,

اسلام آباد:گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیر اعظم عمران خان کو اہم مشورے دیتے ہوئے کہا کہ آپ بھی قائداعظم کی طرح 10 بار سوچیں اور پھر فیصلہ کریں ،اور جب فیصلہ کر لیں تو پھر اُس پر ڈٹ جا یا کریں ۔


تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو خوب سوچ بچار کے بعد فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔چوہدری محمد سرور نے کہا آپ قائد اعظم کی طرح 10 بار سوچیں پھر فیصلہ کریں اور جب فیصلہ کر لیں تو پھر اس پر ڈٹ جائیں۔

گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو یہ مشورہ بھی دیا کہ کسی کو رخصت کیا جاتا ہے تو اس کی عزت نفس کا خیال رکھا جانا چاہیے،گورنر چوہدری سرور نے کہا سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کو اس طرح رخصت نہیں کرنا چاہیے تھا، وزارت سے اس طرح ہٹانا اچھا اقدام نہیں تھا، کابینہ میں جو فیصلے ہوتے ہیں ان پر قائم رہنا چاہیے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عالمی وبا کی تیسری لہر سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپیل کرتاہوں کہ خدا کیلئے کورونا وائرس کی تیسری لہر کو سنجیدہ لیں ،چوہدری محمد سرور نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوام احتیاط نہیں کریں گے تو پھر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا نہیں جاسکے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا وائرس پر برطانیہ جیسے حالات کا متحمل نہیں ہوسکتا، کورونا کیسز میں اضافے سے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے،گورنر پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اس مشکل وقت میں عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑ یں ۔