کراچی :عالمی وبا کی بگڑتی صورتحال میں اس وقت پاکستان کے مختلف صوبوں میں سکولز اور تمام تعلیمی ادارے مکمل طورپر بند ہیں ،لیکن دوسری طرف محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیرنگ کمیٹی نے صوبے بھر میں آٹھویں جماعت تک کے بچوں کےسکول پندرہ دن کے لیے بند کرنے کی تجویز بھی دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس کے کچھ ممبران نے تمام سکول بند کرنے کی مخالفت کی اور نویں تا بارہویں تک کلاسز جاری رکھنے کی تجویز دی ہے،نمائندہ پرائیوٹ سکولز کا اعتراض ہے کہ مارکیٹیں کھلی ہیں تو سکول کیوں بند کیے جا رہے ہیں؟
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وہ کمیٹی میں سامنے آنے والی تجاویز کو این سی او سی میں پیش کریں گے،انہوں نے کہا کہ سٹیرنگ کمیٹی میں سکولوں کے رمضان ٹائمنگ کے حوالے سے کوئی تجویز نہیں آئی، سندھ میں کورونا کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے۔
واضح رہے پاکستان میں عالمی وبا کے وارتیزی سے جاری ہیں ، مزید 84 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد وبا سے اموات کی تعداد 14 ہزار ، 697 ہوگئی ہے ، چوبیس گھنٹے کے دوران 4 ہزار ، 723 افراد میں وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ ، 82 ہزار 888 تک پہنچ چکی ہے ۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں وبا کے مثبت کیسز کی شرح 9.41 فیصد رہی جبکہ ملک میں گزشتہ روز عالمی وبا کے 50 ہزار 186 ٹیسٹ کیے گئے ،ادھر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ہر ملک کو اپنے شہریوں کی صحت کی حفاظت کے لیے فیصلے کرنے کا حق ہے ۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان سمیت کچھ ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ۔
دوسری جانب دنیا بھر میں وبا کے کیسز کی تعداد 13 کروڑ ، 8 لاکھ ، 7 ہزار 190 ہوگئی جبکہ دنیا بھر میں عالمی وبا سے اموت کی تعداد 28 لاکھ ، 50 ہزار ، 385 ہوگئی ہے ۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں عالمی وبا کے 10 کروڑ 53 لاکھ 856 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں ۔