عمران صاحب ! ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے آپ کا صفایا ضروری ہے: مریم اورنگزیب

عمران صاحب ! ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے آپ کا صفایا ضروری ہے: مریم اورنگزیب
کیپشن: عمران صاحب ! ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کیلئے آپ کا صفایا کرنا ضروری ہے: مریم اورنگزیب
سورس: file

لاہور: ‎پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پرردِ عمل میں  کہا  ہے کہ عمران صاحب بلین ٹری سونامی نہیں ۔ آپ نالائقی ، مہنگائی ، کرپشن ، بے روزگاری ، غربت  کا سُنامی لانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام پہلے ہی آپ کے ایک کروڑ نوکری ، پچاس لاکھ گھر ، غربت مٹانے ، بلین ٹری سُنامی اور کشمیر کا سودا کرنے کے وسیع تجربہ سے استفادہ کر چکے ہیں ۔ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لئے ملک سے آپ کا صفایا کرنا ضروری ہے ۔‎عمران صاحب ماحولیاتی تبدیلی نہیں مستقبل کی نسلوں کی تباہی کے لئے آپ کی پوری منصوبہ بندی ہے ۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ‎کلین اینڈ گرین پالیسی ماحولیاتی پالیسی نہیں بلکہ اپنے اے ٹی ایمز کے بیلنس کی تبدیلی کے لیے ہے ۔‎مافیاز اور اے ٹی ایم کے تحفظ کے لئے 10 بلین ٹری سونامی کا کرپشن سونامی لایا گیا۔‎قوم نے سات سال میں مافیاز کی سرپرستی، اے ٹی ایمز کے تحفظ اور معاشی تباہی کی عمران صاحب کی مہارت دیکھ لی ہے ۔‎

انہوں نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس نے نہ بلا کر عمران صاحب کو پیغام دیا کہ اپنا وسیع تجربہ اپنے پاس رکھیں ۔ماحولیاتی تبدیلی نہیں بلکہ عوام کا 225 ارب کا آٹا، 400 ارب کی چینی، 122 ارب کی ایل این جی چوری کرنے کی آپ نے ترجیحات پہلے ہی طے کر لی تھیں ۔

مریم اورنگزیب کہتی ہیں ‎بین الاقوامی برادری نے آپ کی کرپشن، کمیشن خوری اور کورونا کی ناکامی کی تصدیق پہلے ہی کر دی ہیں۔بین الاقوامی برادری اکٹھی ہو کر وہ دوربین ایجاد کر رہی ہے جس سے آپ کے ایک ارب درخت نظر آ سکیں۔