پیپلز پارٹی نے غلطی تسلیم نہ کی تو پی ڈی ایم کے ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا: رانا ثنا

12:51 PM, 3 Apr, 2021

لاہور:  ن  لیگ پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ خان  کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی بےاصولی پرقائم رہی تو اس کا پی ڈی ایم کے ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن میں ووٹ چور حکومت پکڑی گئی، یہ لوگ وہ ہیں جو چور چور کا شور مچاتے ہیں اور خود چوری کرتے ہیں، 20 پریذائیڈنگ افسران جس فارم ہاوَس میں رکھے گئے اس کے مالک کو گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  ڈسکہ کا فیصلہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، پی ڈی ایم ووٹ چور کے خلاف متحد ہے، پی ڈی ایم حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، ہم خاموش رہ کر حکومتی انتقامی کارروائیوں کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین کی عملداری کے بغیر ملک آگےنہیں بڑھ سکتا، دھکے اس لیے کھارہے ہیں اس ملک میں آئین اور قانون کی عملداری نہیں، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔

 پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکے لیے جس طرح ووٹ لیے وہ غلط تھا، رضاربانی، اعتزازاحسن اور مصطفیٰ نواز کھوکھر نے بھی پیپلز پارٹی کے اقدام سے اختلاف کیا ہے۔

 پیپلز پارٹی کی بے اصولی کو معاف نہیں کیا جاسکتا، پیپلزپارٹی اپنی غلطی کو تسلیم کرے، پیپلز پارٹی بےاصولی پرقائم رہی تو اس کا پی ڈی ایم کے ساتھ چلنا مشکل ہوجائے گا۔

مزیدخبریں