آزادی اظہار رائے جرم نہیں:بلاول بھٹو کا سرمد سلطان کے لاپتا ہونے پر اظہار تشویش

11:28 AM, 3 Apr, 2021

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ  سرمد سلطان کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سرمد سلطان کو فوری بازیاب کرایاجائے۔ مہذب معاشروں میں اختلافی آوازوں کو کچلا نہیں جاتا ۔آزادی اظہار رائے کو ئی جرم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  افسوسناک امر ہے کہ حکومت نے سرمدسلطان کی بازیابی کے لئے ابھی تک قدم نہیں اٹھایا۔ معاشرتی مسائل پر بات کرنیوالوں کا لاپتہ ہوجانا ایک سوالیہ نشان ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نے بھی سرمد سلطان  کی مبینہ گمشدگی پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حقوقِ انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل  نے بھی سرگرم شخصیت سرمد سلطان کے لاپتا ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔

اٹک کے رہائشی سرمد سلطان ایم ایس سی ریاضی کے ساتھ ساتھ اردو ادب اور فلسفہ میں ایم اے کر چکے ہیں اور تاریخ پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

سرمد ٹوئٹر پر خاصے سرگرم تھے اور زیادہ تر پاکستان کی تاریخ اور دیگر معاملات پر لکھا کرتے تھے ۔ وہ اکثر ماضی میں ہونے والے واقعات کو آج رونما ہونے والے واقعات سے جوڑ کر لوگوں کو یاد دہانی کراتے رہتے تھے اور ان کے تمام تر ٹوئٹس کے نیچے ہیش ٹیگ ’ذرا سوچیے‘ لکھا ہوتا تھا۔

دو دن قبل سرمد سلطان  اچانک لاپتا ہو گئے ۔ ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی بند کر دیا گیا ۔ ان کے دونوں فون بند ہیں۔ جب ان کے دوستوں نے ان کے خاندان سے رابطہ کیا تو ان کی اہلیہ نے بتایا کہ وہ کسی رشتہ دار کی وفات پر تعزیت کے لیے کسی دور دراز علاقے گئے ہوئے ہیں۔ 

مزیدخبریں