کسانوں کے پیسے دیں یا کارروائی کیلئے تیار رہیں: 19 شوگر ملز کو خط

10:09 AM, 3 Apr, 2021

لاہور : چینی مافیا کے خلاف کین کمشنر پنجاب نے کارروائی شروع کردی ہے۔ کسانوں کی رقوم ہڑپ کرنے والی 19 شوگر ملز کو حتمی نوٹس جاری کردیا گیا۔ملز کو تنبیہ کی گئی ہے 3 دن میں کسانوں کو پیسے دیں یا کارروائی کیلئے تیار ہوجائیں ۔

نیو نیوز کے مطابق کین کمشنر پنجاب کی طرف سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملوں نے کسانوں کے 10 ارب روپے دبا رکھے ہیں۔کسانوں کو ان کے بقایا جات فوری ادا کیے جائیں۔ 

ذرائع کے مطابق کسانوں کی نادہندہ شوگر ملوں میں رمضان شوگر ملز، رحیم یار خان شوگر مل، تاندلیانوالہ شوگر مل، پتوکی شوگر مل کے نام شامل ہیں۔

 مدینہ شوگر مل، رسول شوگر مل، شاہ تاج شوگر مل، حق باہو شوگر مل، سیون سٹار، حسین شوگر مل، العربیہ شوگر مل، چنار شوگر مل نے بھی کسانوں کے پیسے دینے ہیں۔ 

کین کمشنر کا کہنا ہے کہ  شوگر ملوں نے رواں سال کسانوں سے خریدے گئے گنے کی رقم ادا نہیں کی۔ کرشنگ سیزن ختم ہونے کے باوجود رقم ادا نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں مل مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کے غیرقانونی ڈاکے کے باوجود شوگرملز کی طرف سے کسانوں کی رقم ادا نہیں کی گئی۔ سٹہ بازی، جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بھی متعدد شوگر ملوں نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا ٹیکا لگایا ہے۔ ملزموں کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا ہے۔ 

مزیدخبریں