اسلام آباد : پی ڈی ایم کی مسلم لیگ ن سمیت 5 جماعتوں نے سینٹ میں 27 سینیٹرز کا آزاد اپوزیشن گروپ بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ آزاد گروپ میں پی ڈی ایم کی دو جماعتیں پیپلز پارٹی اور اے این پی شامل نہیں ہوگی ۔
سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اعظم نذیر تارڑ کے پارٹی ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مسلم لیگ (ن)،جمعیت علماء اسلام (ف) ،پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور بی این پی( مینگل) نےسینٹ میں الگ اپوزیشن بلاک بنانے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے ۔
فیصلہ اسلام آباد میں پی ڈی ایم میں شامل پانچ جماعتوں کے سینٹ کے رہنمائوں کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کیاگیا ہے۔اجلاس میں پی پی پی اور اے این پی سے وضاحت طلب کرنے کے لئے صدر پی ڈی ایم سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا تھا کہ سینیٹ میں چیئرمین سینیٹ کا امیدوار پیپلز پارٹی ،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا جے یو آئی ف اور اپوزیشن لیڈر کا امیدوار مسلم لیگ ن کا ہوگا۔
پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی شکست کے بعد پی ڈی ایم کے فیصلوں سے روگردانی کرتے ہوئے اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا۔اے این پی نے بھی پی پی کا ساتھ دیا۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ووٹوں سے یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر بنے ہیں جسے دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ماننے سے انکار کردیا ہے۔