سیہون شریف:وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جو لوگ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کی باتیں کرتے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہے اور اس میں فارورڈ بلاک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
سہون شریف کے ایک روزہ دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ،یہ پارٹی شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی جماعت ہے جو ہمیشہ سے متحد رہی ہے ، پیپلز پارٹی سے جس نے بھی بیوفا ئی کی تو یہ بات سب دیکھ چکے ہیں کہ عوام نے ان کا کیا حشر کیا؟۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے،عوام پیٹرول سے لیکر ٹماٹر تک مہنگائی کی دلدل کی زد میں ہے۔نواز شریف کے سیاسی مستقبل کے بارے میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اپنے علاج کے لئے چھ ہفتے کی کورٹ بیل پر ہیں، اس وقت وہ اپنا ضروری علاج کروانے میں مصروف ہونگے ۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام ہٹائے جانے پر ان کا کہنا تھاکہ حکمرانوں کو جب کسی بڑے عہدے پر ہو تو بات بھی سوچ سمجھ کر کرنی چاہئیے کیونکہ اس ضمن میں پہلے ہی اسمبلی سے قانون پاس ہوچکا ہے ، جو ان لوگوں کو پتا ہی نہیں تھا،جب یہ بات انہوں نے کہہ دی تو اب ان کے وزرا وضاحتیں کرنے میں مصروف ہیں۔