پاکستان کا بھارت کے خلائی مشن 'شکتی' پر تشویش کا اظہار

02:44 PM, 3 Apr, 2019

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے خلاء میں سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خلاء میں سٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کے حالیہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں خلاء میں پھیلنے والے ملبے سے خطرات لاحق ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ 'یہ اطلاعات نہایت پریشان کُن ہیں کہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ملبے کے حصے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی طرف حرکت پذیر ہیں اور اس سے ٹکرانے کا خطرہ ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو خلاء میں پھیلنے والے ملبے سے پُرامن سرگرمیوں کے لئے لاحق خطرات پر گہری تشویش ہونی چاہے بلکہ ایسے اقدامات کے عسکری پہلو اور عالمی، علاقائی، سلامتی و استحکام کے لیے اس کے مضمرات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خلاء کو گولہ بارود سے پاک رکھنے کا پُر زور حامی ہے اور خلاء کے استعمال پر لاگو ہونے والے عالمی قانونی ضابطوں میں موجود سقم دور کرنے کے لیے ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر اس مقصد کے لیے کاوشیں کرتے رہیں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ پُرامن سرگرمیوں اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے خلائی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے کسی کی طرف سے خطرات پیدا نہ ہوں۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ مؤثر قانون کی عدم موجودگی میں دیگر ریاستیں بھی اپنی اس طرح کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے اسی نوعیت کے اقدام کی پیروی کریں گی۔

خیال رہے کہ امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے نیشنل ایرونوٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کے چیف جم برڈنسٹن نے بھی گزشتہ روز بھارت کے خلائی مشن کو خطرناک اور ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں