دینی مدارس کے طلباء بھی جج، ڈاکٹر، انجینئر اور سائنسدان بن سکتے ہیں، وزیراعظم

09:38 AM, 3 Apr, 2019

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے گزشتہ روز علماء کرام کے وفد نے ملاقات کی جس میں علماء کرام نے انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے حمایت کا اعادہ کیا۔

علماء کرام نے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

علماء کرام نے کہاکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہے اور دہشت گردی کو کسی مذہب سے جوڑنا مناسب نہیں ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بھی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف نظام تعلیم معاشرے میں تفریق کا باعث ہیں لہٰذا سب کے لیے یکساں نظام تعلیم رائج کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ نظام و نصاب تعلیم میں اصلاحات کے ضمن میں حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کے طلباء بھی جج، ڈاکٹر، انجینئر اور سائنسدان بن سکتے ہیں اور دینی مدارس سے فارغ طلباء کو بھی ترقی کے مواقع فراہم کریں گے۔

مزیدخبریں