گڑھی خدابخش: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں کہ ایوان کو نہیں مانتے وہ کس طرح ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہیں۔
گڑھی خدابخش میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا کہ جب مخالفین کے حق میں فیصلہ نہیں آتا تو یہ کسی کو تسلیم نہیں کرتے، جوابدہ کے عمل سے یہ لوگ بھاگ رہے ہیں۔ پاناما پیپرز پر آپ پارلیمنٹ میں جواب کیوں نہیں دیتے؟ جمہوریت کسی کی ذات سے منسلک نہیں۔ جب ن لیگ کو بند گلی نظر آتی ہے تو جمہوریت یاد آتی ہے، پارلیمنٹ کی بے توقیری میں حکمران جماعت کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جینے اور مرنے کا طریقہ بتایا۔ بلاول بھٹو میدان میں آ گئے ہیں، اب دما دم مست قلندر ہوگا۔ پیپلز پارٹی نے کبھی اداروں کو استعمال نہیں کیا اور نہ ہم اداروں میں تصادم نہیں چاہتے ہیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور قرضوں کے نام پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔