یو اے ای حکومت نے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی ملازمین پر عائد کی جانے والی "کریکٹر سرٹیفیکیٹ " کی شرط عارضی طور پر معطل کر دی

12:37 PM, 3 Apr, 2018

دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای )کی حکومت نے 4فروری کو اعلان کیا تھا کہ ہر غیر ملکی کو ملازمت کے حصول کے لیے کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا لیکن اب حکومت نے مملکت میں روزگار کے لیے پاکستانیوں سمیت تمام غیرملکیوں پر کریکٹر سرٹیفکیٹ کی پابندی عارضی طور پر معطل کردی ہے۔


دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یو اے ای کی وزارت خارجہ امور نے ملازمت کے حصول کے لیے آبائی وطن کی پولیس کا کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی شرط عارضی طور پر معطل کردی ہے اور اس حوالے سے پاکستانی مشن کو خط بھی موصول ہوگیا ہے۔


یو اے ای میں پاکستانی سفارتی مشن نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون کی جانب سے 29 مارچ کو تمام سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو خط بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکی ملازمین سے کریکٹر سرٹیفکیٹ نہ مانگے جائیں اور اس کا اطلاق یکم اپریل سے ہوچکا ہے۔

مزیدخبریں