بیجنگ : کنگ منگ کے تہوار کے موقع پر اپنے پیاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے لاکھوں چینیوں نے مختلف قبرستانوں میں قبروں پر حاضری دی۔گذشتہ روز کے اعدادوشمار کے مطابق 53لاکھ چینیوں نے 150بڑے قبرستانوں میں جا کر اپنے پیاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ،چین میں یہ تہوار منگل سے شروع ہوا ہے، گذشتہ روز قبرستان جانیوالوں کی تعداد گذشتہ سال کے پہلے اتوار کے مقابلے میں 34.2فیصد زیادہ رہی ، شہری معاملات کی وزارت کے مطابق ان قبرستانوں میں خدمات انجام دینے کے لئے 33000افراد اہلکار تھے۔
جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 76.6فیصد زیادہ تھے ، یہ افراد ٹریفک کنٹرول کرتے رہے اور آنے والوں کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہے ،گذشتہ روز قبرستان آنے والوں نے ایک دن میں 899000گاڑیاں استعمال کیں ،کنگ منگ کا تہوار اپریل میں آتا ہے اور اس روز چینی اپنے پیارو ں کی قبروں اور مقبروں پر حاضری دیتے ہیں اور ان کی خدمت میں کھانا ، مشروبات اور پھول پیش کرتے ہیں ۔