راولپنڈی: نیا توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ہے۔
احتساب عدالت راولپنڈی نے نئے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔
احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 16 ستمبر تک توسیع کردی، عدالت ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر 6 ستمبر کو سماعت کرے گی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان صفدر، انتظار پنجوتھہ اور خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی،عمیر مجید عدالت میں پیش ہوئے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ دستاویزات سے ہی ثابت ہوسکتا ہے کہ نیا ریفرنس پہلے ریفرنس سے مشابہت رکھتا ہے یا نہیں، نیب پراسیکیوٹر نے توشہ خانہ کے پرانے ریفرنس کا جوڈیشل ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست دائر کر دی۔