دوسرا ٹیسٹ: چوتھا دن ختم، بنگلہ دیش فتح سے 143 رنز دور

دوسرا ٹیسٹ: چوتھا دن ختم، بنگلہ دیش فتح سے 143 رنز دور

راولپنڈی:پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا چوتھا  دن ختم  ہوگیا ہے۔  بنگلہ دیش فتح سے 143 رنز دور ہے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا چوتھا دن ختم ہوگیا ہے۔ خراب روشنی اور  بارش کے باعث آج کا کھیل جلد ختم کرنا پڑا۔ 

دن کے اختتام تک بنگلادیش نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 42 رنز بنالیے، جبکہ پاکستان کے خلاف سیریز میں 0-2 کی تاریخی کامیابی سے صرف 143 رنز دور ہے۔ بنگلادیش کے اوپنرز ذاکر حسن 31 اور شادمان اسلام 9 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔کھیل کے چوتھے روز پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی۔ قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 172 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور مہمان ٹیم کو جیت کےلیے صرف 185 رنز کا ہدف ملا۔ 

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کا سکور 136 رنز تک پہنچایا، تاہم یہاں ان فارم محمد رضوان آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ایک جانب سلمان علی آغا نے پھر ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش کی، وہ 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ 

دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2، 2 جبکہ میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 58، کپتان شان مسعود نے 57 اور سلمان علی آغا نے 54 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔مہمان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 261 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ایک وقت پر بنگلہ  دیش کے 6 کھلاڑی صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئے تھے، تاہم لٹن داس نے شاندار سنچری اور مہدی حسن نے 78 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو مشکل صورتحال سے نکالا۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 6 اور میر حمزہ اور سلمان علی آغا نے 2، 2 وکٹیں لیں جبکہ ٹیم میں شامل ہونے والے سپنر ابرار احمد کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

مصنف کے بارے میں