ایشیا کپ : پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ختم ،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا

09:28 PM, 2 Sep, 2023

پالی کیلے :ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا ہے۔ دونوں ٹیموں کا ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔ میچ بارش کے باعث ختم کیا گیا ہے۔ 

 ایشیا کپ ون ڈے میں پاکستان کے خلاف انڈیا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا لیکن بارش کے باعث پاکستان کی اننگز شروع ہی نہیں ہوسکی جس کے باعث میچ ختم کردیا گیا۔  

پالی کیلے میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بورڈ پر 266 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے بیٹنگ جبکہ پاکستان کے شاہین آفریدی نے بولنگ سے میچ کا آغاز کیا۔

میچ شروع ہونے کے کچھ دیر بعد بارش کی وجہ سے میچ روکنا پڑا، اس وقت بھارت نے 4 اعشاریہ 2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 15 رنز بنا لیے تھے۔ بارش رکنے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو شاہین آفریدی نے فوراً ہی پاکستان کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے بھارتی کپتان کو 11 رنز پر بولڈ کردیا۔

شاہین آفریدی نے اننگز کے 5ویں اوور میں 15 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ حاصل کی۔ اننگز کے 6 اعشاریہ 3 اوور میں شاہین آفریدی نے 27 رنز پر بھارت کی دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب انہوں نے ویرات کوہلی کو 4 رنز پر بولڈ کیا۔

بھارت کی تیسری وکٹ حارث رؤف نے 48 رنز پر حاصل کی جب انہوں نے شریاس ایئر کو 14رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ شبمن گل اور ایشان کشن نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 66 کے مجموعے پر گِل کو حارث رؤف نے بولڈ کردیا، انہوں نے 10 رنز بنائے۔

اس کے بعد پانچویں وکٹ پر ایشان کشن اور ہاردیک پانڈیا نے اپنی ٹیم کےلیے ریسکیو عمل شروع کیا اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 138 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی گھنٹی بجادی۔

دونوں بیٹرز نصف سنچریاں ممکمل کرنے کے بعد سنچری کی جانب گامزن تھے کہ حارث رؤف نے بلآخر 38ویں اوور میں اس خطرناک پارٹنرشپ کو توڑ دیا۔ انہوں نے ایشان کشن کو کیچ آؤٹ کروایا، کشن نے 81 گیندوں پر 82 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

انکے بعد شاہین آفریدی نے اپنے آٹھویں اوور میں پہلے ہاردیک پانڈیا اور پھر رویندرا جاڈیجا کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔ ہاردیک پانڈیا نے دباؤ کے باوجود 87 رنز کی زبردست اننگز  کھیلی جبکہ رویندرا جاڈیجا نے 14 رنز بنائے۔

اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کو کیچ آؤٹ کروا کر بھارت کے بڑے ٹوٹل کی جانب سفر کو بریک لگادی۔ اختتامی لمحات میں جسپریت بومرا نے 16 رنز بنا کر ٹیم کو 266 کے مجموعے تک پہنچا دیا۔ 49ویں اوور میں نسیم شاہ نے پہلے کلدیپ یادیو اور پھر جسپریت بومرا کو کیچ آؤٹ کروایا۔

پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں فاسٹ بولرز نے لیں۔ شاہین آفریدی 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

مزیدخبریں