ایشیا کپ ہائی وولٹیج میچ ، بھارت کا پاکستان کو فتح کیلئے 267 رنز کا ہدف 

ایشیا کپ ہائی وولٹیج میچ ، بھارت کا پاکستان کو فتح کیلئے 267 رنز کا ہدف 

پالی کیلے : ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو فتح کے لیے 267رنز کا ہدف دے دیا ہے۔  شرما الیون نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 266 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں اننگز کے آغاز میں چار وکٹیں گنوانے کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن کو مڈل آرڈرنے سنبھالا انڈیا کے مڈل آرڈر بیٹسمین ہاردک پانڈیا اور ایشان کشن نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 100 رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔

نوجوان بلے باز ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ جبکہ اس دوران ہاردک پانڈیا نے بھی اپنی ففٹی مکمل کر لی۔

دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایشان کشن کو چلتا کیا۔ انھوں نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہاردک پانڈیا نے دوسرے اینڈ سے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور حارث رؤف کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے جس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 87 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

ان کے بعد روایندرا جدیجا سے بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور صرف 14 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کا بھی کام تمام کردیا۔

پاکستان کے سپن اٹیک میں شاداب، محمد نواز اور آغا سلمان انڈین بلے بازوں کو رنز بنانے سے روکنے میں ناکام رہے ۔