عمران خان کی وکالت کیلئے سلمان رشدی کے وکیل کو مقرر نہیں کیا: ترجمان پی ٹی آئی، تنقید سے گھبرا کر ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کردیا

عمران خان کی وکالت کیلئے سلمان رشدی کے وکیل کو مقرر نہیں کیا: ترجمان پی ٹی آئی، تنقید سے گھبرا کر ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کردیا

اسلام آباد: ترجمان پی ٹی آئی نے عمران خان کی وکالت کے لیے سلمان رشدی کے وکیل کو مقرر کرنے کی تردید کردی ہے جبکہ پی ٹی آئی آفیشل ایکس اکاؤنٹ (ٹویٹر) سے پوسٹ بھی ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔ 

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پی ٹی آئی ملک میں جاری بدترین ریاستی جبر و فسطائیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ایک غیرملکی قانونی فرم کے حوالے سے زیرِگردش گمراہ کن اطلاعات میں کوئی صداقت ہے نہ ہی ایسے کسی اقدام کو جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کی تائید حاصل ہے۔ جبر، بربریت اور لاقانونیت کے سامنے نظام عدل کا افسوسناک عجز و اضمحلال قوم کے لیے مایوس کن ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ ’’تاہم تحریک انصاف پاکستان کے نظامِ انصاف ہی سے حقوق و انصاف کی طلب گار اور ملک کے نظامِ عدل سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے‘‘۔

ترجمان کے مطابق قاتلانہ حملے کا نشانہ بنائے جانے اور حملے کی تحقیقات سبوتاژ کرنے کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف محض 16 ماہ کے دوران 180 سے زائد جھوٹے اور جعلی مقدمات قائم کرکے قانون و انصاف کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم تاریخ کے بدترین انتقام کی بھینٹ چڑھتے ہوئے خلافِ قانون جیل میں قید ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے اس سے قبل جمعے کو ایکس (سابق ٹوئٹر) پر عمران خان کے حوالے سے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی ’غیر قانونی حراست اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں‘ کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں اپنی نمائندگی کے لیے برطانوی بیرسٹر جیفری رابرٹسن کے سی کی خدمات حاصل کی ہیں۔

پی ٹی آئی کی طرف سے عمران خان کے لیے جیفری رابرٹسن کو وکیل کیے جانے پر مسلم لیگ ن اور دیگر افراد کی طرف سے شدید تنقید کی جا رہی تھی جس کے بعد پی ٹی آئی کے ترجمان کو مجبوراً تردید جاری کرنا پڑی اور ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کردیا۔ 

مصنف کے بارے میں