بھارت کی چاند کے بعد سورج پر نظریں، 'آدتیہ ایل ون' مشن سورج کی جانب روانہ

01:23 PM, 2 Sep, 2023

نیوویب ڈیسک

نئی دہلی: چندریان 3 کا چاند کے قطب جنوبی حصے پر کامیابی سے اُترنے کے بعد انڈیا اب سورج کا بغور مطالعہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے انڈیا کا پہلا شمسی مشن 'آدتیہ ایل ون' آج (ہفتے )کو سورج کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سورج کے قریب پہنچ کر تفصیل سے اس کا مشاہدہ کرنے کے لیے آدتیہ ایل ون مشن نے 125 دنوں پر محیط سفر شروع کر دیا ہے۔ یہ مشن سنیچر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 11 بج کر 50 منٹ پر انڈین ریاست آندھرا پردیش کے علاقے سری ہری کوٹا سے روانہ ہوا۔

آدتیہ ایل ون مشن کو سورج کی خصوصیات جانچنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، لانچ کے بعد سیٹلائٹ کو ایل ون (لاگریجیئن پوائنٹ) نامی مخصوص مقام تک پہنچنے میں 125 دن لگیں گے۔ لاگرینج پوائنٹ زمین اور سورج کے درمیان موجود وہ جگہ ہے جہاں سے سورج کو گرہن یا کسی بھی قسم کی رُکاوٹ کے بغیر دیکھا جا سکتا ہے۔


انڈیا کے شمسی مشن کے بڑے مقاصد میں سورج سے نکلنے والی توانائی اور درجہ حرارت کو سمجھنا، سورج کے کورونا ( سورج سے چند ہزار کلومیٹر اوپر کی بیرونی تہہ)، شمسی ہوا، شمسی ماحول، وغیرہ کا مطالعہ کرنا ہے۔

انڈیا اگر اپنے اس مشن کو بھیجنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ سورج کی جانب سیٹلائٹ بھیجنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ انڈیا سے قبل امریکہ، روس اور یورپی خلائی ایجنسی اس قسم کی تحقیق کے لیے اپنے مشن بھیج چکے ہیں۔


مزیدخبریں