اٹک: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے پرویز الہٰی کو سخت سیکیورٹی حصار میں اٹک جیل منتقل کیا۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان بھی اٹک جیل میں قید ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پرویز الہٰی کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ پرویز الہٰی کو نظربند کرنے کی سفارش ایس ایس پی اسپیشل برانچ اور آئی بی نے کی۔
گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے رہائی کے حکم کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کو دوبارہ گرفتار کرکے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے مرکزی صدر پی ٹی آئی کو کسی بھی مقدمہ میں گرفتار کرنے سے بھی روک دیاتھا اور ان کی رہائی کا حکم دیاتھا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ پرویز الہٰی کو کوئی اتھارٹی، کوئی ایجنسی گرفتار نہیں کرے گی، کسی بھی قانون کے تحت نظر بند بھی نہیں کیا جائے گا۔