شارجہ : ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سےشکست دے دی ہے۔ 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔پاکستان اگلا میچ اتوار کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔
شارجہ میں کھیلے جا رہے میچ میں ہانک کانگ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ بابر اعظم بھارت کے بعد اس میچ میں بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم محمد رضوان 78 ، فخر زمان 53 اور خوشدل شاہ نے 35 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا ٹوٹل 193 تک پہنچایا۔
194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانک کانگ کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور تمام ٹیم 38رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔ پاکستان کی طرف سے شاداب خان نے 4 محمد نواز نے تین جبکہ نسیم شاہ نے 2 اور شاہنواز دھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔